دھرندر کی اوٹی ٹی ریلیز: رحمان ڈکیت کی فلم نیٹ فلکس پر کب دیکھی جاسکے گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

دھرندر
(فوٹو: آن لائن)

بالی ووڈ کی بڑے بجٹ کی حامل جاسوسی فلم دھرندر بھارت سمیت دنیا بھر میں سیکڑوں کروڑ کا بزنس کرنے کے بعد نیٹ فلکس پر اسٹریمنگ کیلئے دستیاب ہوگی۔ فلم میں  رحمان ڈکیت کے روپ میں جلوہ گر ہو کر رقص کرنے والے اکشے کھنہ کی اداکاری کو سراہا جارہا ہے۔

ماضی قریب میں دھرندر کو 5دسمبر 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا اور بڑی تجارتی کامیابی کے بعد اس فلم کو 30 جنوری 2026 کو نیٹ فلکس پر اسٹریمنگ کیلئے پیش کیا جارہا ہے، جبکہ اپنی تخلیق کے اعتبار سے دھرندر ایک جاسوسی اور ایکشن تھرلر فلم قرار دی جاتی ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by OTT NIGHTS 🎬 (@ottnights)

دھرندر کی کہانی ایک بھارتی خفیہ ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے جو کراچی میں جرائم پیشہ اور سیاسی انڈر ورلڈ میں خفیہ طور پر جاگھستا ہے اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑنے کی کوشش کرتا ہے۔ پاکستان مخالف بیانیے پر مشتمل فلم میں رحمان ڈکیت اور چوہدری اسلم کے کرداروں کو جس انداز میں پیش کیا گیا، وہ پاکستانی سامعین و ناظرین کو پسند نہیں آیا۔

فلم کی سب سے بڑی تصوراتی خامی اس کے ولن کے کرداروں کو گلیمرس انداز میں پیش کرنے کو قرار دیا جارہا ہے اور سوشل میڈیا صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر رحمان ڈکیت ولن ہے تو اسے گیت میں رقص کرتا دکھا کر گلیمرائز کیوں کیا گیا اور اگر وہ ہیرو ہے تو اس کے کردار کی بلندی کہاں اجاگر ہوتی ہے؟

فلم کی کہانی مختلف حقیقی واقعات سے جوڑنا نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی سامعین و ناظرین کی بصارت اور سماعت دونوں پر گراں گزرا اور بھارتی یوٹیوبر دھروو راٹھی نے تو اس کے خلاف ایک تفصیلی ویڈیو بھی بنائی اور بتایا کہ اس میں طیارہ ہائی جیکنگ، بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ اور ممبئی حملے جیسے واقعات کے حوالے اصلی ہیں۔

تاہم یہ فلم دو حصوں پر مشتمل ہے جس کا سیکوئل مارچ 2026 میں ریلیز کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ فلم کی متنازعہ کہانی اور کرداروں کو مسخ کیے جانے کے باوجود اکشے کھنہ کی خاموش مگر خوفناک شخصیت، مکالموں کی ادائیگی اور اسکرین پر رونمائی کو فلم کے نمایاں عناصر میں شامل سمجھا جاتا ہے، جسے آج تک سراہا جارہا ہے۔

Related Posts