نیو یارک میں قیامت خیز منظر! 17 منزلہ رہائشی عمارت آگ کی لپیٹ میں، ویڈیوز دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ یو ایس میڈیا)

امریکہ کے شہر نیو یارک کے علاقے برونکس میں واقع ایک 17 منزلہ رہائشی عمارت کی اوپری منزلوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کے لیے فائر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر ایمرجنسی ادارے بھرپور کارروائی میں مصروف ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آگ ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق آدھی رات کے بعد لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی اوپری منزلوں اور متعدد فلیٹس تک پھیل گئی۔ آگ کے باعث اٹھنے والا گہرا سیاہ دھواں دور سے آسمان پر بلند ہوتا دیکھا گیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

نیو یارک فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) کے مطابق واقعے کو فور الارم فائر قرار دیا گیا ہے جس کے باعث 200 سے زائد فائر فائٹرز اور ایمرجنسی عملے کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ بجھانے کی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں آگ کی شدت اور شعلوں کو عمارت کی اوپری منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ بعض غیر مصدقہ سوشل میڈیا رپورٹس میں ممکنہ ہلاکتوں کا ذکر کیا جا رہا ہے لیکن متعلقہ اداروں نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

نوٹ؛ مزید معلومات موصول ہونے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

Related Posts