کراچی کے علاقے کورنگی میں سامان بیچنے کے بہانے گھر میں گھسنے والی خواتین ڈاکو نکلیں۔ گھر کی مالکن کو اسلحہ دکھا کر انجکشن لگا دیا گیا۔ بے ہوش خاتون اپنے گھر کے لاکھوں کے سامان، زیورات اور موبائل فونز سے محروم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کورنگی ساڑھے 5 نمبر کے جی ایریا میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بے ہوشی کا انجیکشن لگا کر تسلی سے لوٹ مار کی۔ خاتون نے زمان ٹاؤن تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرادیا ہے جس میں سنگین الزامات عائد کیے گئے۔
مقدمے کے متن کے مطابق واردات 2 خواتین سمیت 3 ڈاکوؤں نے کی جبکہ متأثرہ خاتون کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق خاتون نے باہر سے دروازہ کھٹکھٹانے پر کھولا اور ایک خاتون جو سامان فروخت کرنے کیلئے آئی تھی، اسے اندر بلا لیا، جس کے بعد خاتون نے اپنی بیٹی کو بلالیا۔
متن کے مطابق خاتون نے فون کرکے بیٹی سے مزید سامان لانے کا کہا تھا، تاہم سامان بیچنے کیلئے آنے والی خاتون کی بیٹی کے ساتھ ایک ڈاکو بھی زبردستی اندر گھس آیا۔ ملزم نے اسلحہ دکھا کر گھر میں موجود خاتون کو انجیکشن لگایا۔ خاتون کی مزاحمت پر ملزم نے اس کا سر دیوار پر دے مارا۔
سر دیوار سے ٹکرانے کے باعث متأثرہ خاتون بے ہوش ہوگئی۔ مقدمے کے مطابق خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تجوری کھولی، 7 لاکھ روپے لوٹے، 15 گرام کے 2 سونے کے سیٹ، 4 انگوٹھیاں، بریسلٹ اور موبائل فون بھی لوٹ کر لے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








