کراچی کے علاقے کورنگی میں کتے کے کاٹے سے زخمی 8 سالہ بچی دم توڑ گئی، لڑکی کو اندرونِ سندھ سے کراچی کے انڈس ہسپتال میں علاج کی غرض سے لایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع سانگھڑ سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی کتے کے کاٹے سے زخمی ہوگئی تھی، جسے لواحقین علاج کیلئے انڈس ہسپتال لائے تھے، تاہم لڑکی جانبر نہ ہوسکی۔
خیال رہے کہ یہ رواں سال کے دوران کتے کے کاٹے سے پھیلنے والی بیماری ریبیز کا پہلا کیس ہے، جو 8 سالہ کمسن بچی کی جان لے گیا۔ سانگھڑ کے شہر جھول کی رہائشی بچی کو آوارہ کتے کے کاٹنے کے ڈیڑھ ماہ بعد ریبیز کی شدید علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا۔
بچی کو تشویشناک حالت میں کورنگی کے مشہورومعروف انڈس ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ریبیز پویونشن کلینک کے منیجر آفتاب گوہر کا کہنا ہے کہ بچی کو پہلے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں علاج کیلئے لے جایا گیا تھا، تاہم وہاں مناسب اور بر وقت علاج میسر نہ آسکا۔
آفتاب گوہر کا کہنا ہے کہ تکلیف دہ طور پر ابتدائی علاج کے دوران بچی کے زخم کو صابن اور پانی سے دھونا چاہئے تھا، جو نہیں کیا گیا، حالانکہ یہ ریبیز سے بچاؤ کیلئے سب سے اہم اقدام ہوتا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی پانی اور ہوا سے خوف محسوس کررہی تھی جو بیماری کے ایڈوانس اسٹیج کی علامت ہیں۔
آٹھ سالہ بچی ریبیز کے باعث جان کی بازی ہار گئی۔ رواں سال صرف انڈس ہسپتال میں 1500 جبکہ جناھ ہسپتال میں سگ گزیدگی کے 800 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سول ہسپتال میں بھی رواں سال 400 سے زائد کیسز سامنے آئے۔ گزشتہ سال ریبیز کے باعث 20افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








