ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت میں ہوگا یا نہیں؟ نیپا وائرس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی! اہم فیصلہ متوقع

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارت میں مہلک نیپا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ عالمی کرکٹ کی یہ اہم تقریب رواں سال 7 فروری سے بھارت میں شروع ہونے والی ہے لیکن حالیہ حالات نے میگا ایونٹ کے مستقبل پر سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

بھارتی صحت حکام کے مطابق مغربی بنگال میں نیپا وائرس کے پانچ تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ 100 سے زائد افراد کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے اور حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیپا وائرس مزید تیزی سے پھیلتا ہے تو اس سے نہ صرف عوامی صحت کو خطرہ ہوگا بلکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں، لاجسٹکس اور سیکیورٹی انتظامات بھی شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق وائرس کی موجودہ صورتحال نے ایونٹ کے انتظامات کو غیر یقینی اور پیچیدہ بنا دیا ہے جس سے کھلاڑیوں، ٹیمز اور تماشائیوں کے سفر پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

صحت حکام اور کرکٹ بورڈز کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں ایونٹ کے شیڈول یا مقام میں تبدیلی کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔

نیپا وائرس کیا ہے؟

نیپا وائرس (Nipah Virus) ایک جان لیوا وائرس ہے جو انسانوں اور جانوروں دونوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ یہ وائرس زیادہ تر متاثرہ جانوروں یا اُن کے فضلے کے ذریعے پھیلتا ہے اور انسانی جسم میں داخل ہونے پر بخار، سانس کی تکلیف، متلی، سر درد اور شدید صورتوں میں دماغی انفیکشن یا موت کا سبب بن سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) اسے ایک خطرناک اور متعدی بیماری کے طور پر قرار دیتا ہے اور ابھی تک اس کا کوئی مؤثر ویکسین یا مکمل علاج دستیاب نہیں ہے لہذا احتیاط اور فوری قرنطینہ سب سے اہم حفاظتی اقدامات سمجھے جاتے ہیں۔

Related Posts