سندھ کا معروف سیاحتی مقام گورکھ ہل برفباری کے باعث سیاحوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہا ہے جہاں درجہ حرارت منفی 2 تک گر گیا، جبکہ عوام کی بڑی تعداد گورکھ ہل سے ناواقفیت کے باعث اس خوبصورت نظارے سے تاحال محروم ہے اور برفباری دیکھنے کے متوالے مری سمیت ملک کے دیگر پہاڑی مقامات پر جاپہنچے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع دادو کے نزدیک سندھ بلوچستان کی سرحد پر واقع گورکھ ہل سندھ کا واحد بلند مقام ہے جہاں سردیوں کے دوران چند سالوں بعد کبھی کبھار برف باری ہوجایا کرتی ہے، اور فطرت کا یہ خوبصورت منظر سیاحوں کا دل لبھاتا ہے۔
حال ہی میں ہونے والی برفباری کے بعد گورکھ ہل کا ماحول سیاحوں کے لیے انتہائی پرکشش ہے تاہم یہاں سیر کیلئے آنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منجمد کردینے والی سردی سے بچنے کیلئے گرم لباس ساتھ رکھیں۔ جبکہ اسے سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنانے پر کام جاری ہے۔
سطح سمندر سے 1ہزار 734میٹر کی بلندی پر واقع گورکھ ہل کے قدرتی مناظر اور بلند و بالا پہاڑ عوام کو دعوتِ نظارہ دیتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں، جس کا کراچی سے فاصلہ تقریباً 423کلومیٹرز ہے جبکہ یہاں کا خوبصورت اور پر فضا ماحول سیاحوں کیلئے جنت سے کم نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








