پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی موبائل سم کو مسلسل چھ ماہ تک استعمال میں نہ لایا گیا تو متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر اسے بند کر سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق وہ سمز جن پر 180 دن تک کال، ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ کا کوئی استعمال ریکارڈ نہ ہو انہیں غیر فعال تصور کیا جائے گا۔ ایسی سمز بند کرنے کے بعد ان نمبرز کو کسی دوسرے صارف کو دوبارہ جاری کیے جانے کا اختیار بھی ٹیلی کام کمپنیوں کو حاصل ہوگا۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ایک بار نمبر نئے صارف کے نام پر جاری ہو جانے کے بعد سابق صارف کا اس نمبر پر کسی قسم کا قانونی حق یا دعویٰ باقی نہیں رہتا تاہم اگر کوئی صارف کسی وجہ سے اپنی سم عارضی طور پر استعمال نہیں کر پا رہا تو وہ متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر کو تحریری درخواست یا ای میل کے ذریعے مخصوص مدت کے لیے نمبر محفوظ رکھنے کی درخواست دے سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے اپنی موبائل سمز کا باقاعدہ اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال جاری رکھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








