ٹیلی وژن کی معروف اداکارہ لائبہ خان نے مدینہ منورہ کی بابرکت سرزمین سے اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کر کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
لائبہ خان سوشل میڈیا پر مضبوط موجودگی رکھتی ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 37 لاکھ سے زائد ہے۔ وہ کفارہ، آفت، آس پاس، ہمراز اور بے لگام جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث جانی جاتی ہیں۔

ان کا بریک تھرو پراجیکٹ کفارہ 2024 میں بے حد مقبول ہوا، جس نے ایک ارب سے زائد ویوز حاصل کیے اور انہیں صفِ اول کی نوجوان اداکاراؤں میں شامل کر دیا۔

نکاح کے موقع پر لائبہ خان نے سادہ سفید عبایا زیب تن کیا، جس پر نفیس سنہری دبکا کڑھائی کی گئی تھی، جبکہ سرخ دوپٹہ اوڑھا ہوا تھا جس پر ان کے شوہر کا نام درج تھا۔
اداکارہ نے اپنے شوہر کی تصاویر شیئر نہیں کیں، تاہم نکاح کی تقریب سے اپنی چند باوقار تصاویر ضرور پوسٹ کیں۔
خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لائبہ خان نے ایک جذباتی کیپشن لکھا، جس میں اپنی شادی کو اللہ کی طرف سے لکھی گئی ایک عظیم نعمت قرار دیا اور مداحوں سے دعا کی درخواست بھی کی۔

انہوں نے لکھا: بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، ایک دعا قبول ہوئی، ایک وعدہ پورا ہوا۔ ہمارا نکاح اللہ پاک نے امن اور برکتوں کے شہر میں لکھ دیا۔ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے۔ ماشاءاللہ۔ الحمدللہ۔ آخر میں انہوں نے دل والی ایموجی پوسٹ کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








