اسنوکر اکثر بالغ افراد کے لیے بھی چیلنجنگ کھیل سمجھا جاتا ہے، مگر برطانوی شہر مانچسٹر کے ایک 2 سالہ بچے نے کھیل کے سب ریکارڈ توڑ دیے۔ جوڈی اوئنز نے نہ صرف مشکل شاٹس کھیلنے کا کم عمر ترین ریکارڈ بنایا بلکہ دو الگ گنیز ورلڈ ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے۔
12 اکتوبر 2025 کو، جب جوڈی کی عمر صرف 2 سال اور 302 دن تھی، اس نے پول بینک شاٹ کامیابی سے مکمل کیا۔ اس سے قبل، 2 سال اور 261 دن کی عمر میں اس نے اسنوکر ڈبل پوٹ مکمل کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ ان کارناموں کے بعد جوڈی کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کر دیا گیا ہے اور وہ اسنوکر کے کم عمر ترین ماہر کے طور پر پہچانے جانے لگے ہیں۔
جوڈی کے والد، لیوک اوئنز، نے بتایا کہ سب سے پہلے گھر میں ان کی بیٹے کی قدرتی صلاحیت کا اندازہ ہوا جب اس نے چھڑی کو اپنی انگلیوں سے پکڑ کر کھیلنے کی کوشش کی۔ وہ بتاتے ہیں کہ اسٹول کے ذریعے جوڈی اسنوکر ٹیبل تک پہنچتا اور کھیلتا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے اہلکاروں نے جوڈی کی حیرت انگیز مہارت کا مشاہدہ 2025 یوکے چیمپئن شپ کے دوران کیا، اور اسے کم عمر ترین اسنوکر شاٹس مکمل کرنے والا کھلاڑی قرار دیا۔
جوڈی اوئنز نے نہ صرف عمر کی حد توڑی بلکہ اس کھیل کے تئیں جوش اور لگن کے نئے معیار قائم کر دیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








