وفاقی حکومت نے قومی تاریخ کو ڈرامائی انداز میں نئی نسل تک پہنچانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کی زندگی پر ارطغرل طرز کی تاریخی ڈرامہ سیریز بنانے کے لیے ایک ارب روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔
یہ بات بدھ کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ثقافت و ورثہ کے اجلاس میں سامنے آئی، جس کی صدارت سیدہ نوشین افتخار نے کی۔ اجلاس میں ملک کے ثقافتی، تاریخی اور ورثہ جاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ارطغرل غازی میں جنگیں کم اور رومانس زیادہ دکھایا گیا، یاسر نواز
سیکرٹری قومی ورثہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد قائداعظم اور علامہ اقبال کی جدوجہد، فکر اور خدمات کو جدید ڈرامائی اسلوب میں پیش کر کے نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے جوڑنا ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ علامہ اقبال اکیڈمی نے اس منصوبے کے تحت علامہ اقبال کے نواسوں اور پوتوں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جو فروری کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا۔ قائمہ کمیٹی نے علامہ اقبال کے خاندان سے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ ارطغرل طرز کی سیریز کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کہ ترک تاریخی ڈرامہ ارطغرل نے دنیا بھر میں، خصوصاً پاکستان میں، غیر معمولی مقبولیت حاصل کی اور نوجوانوں کو اسلامی تاریخ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
قائمہ کمیٹی اجلاس میں دیگر ثقافتی و ورثہ جاتی منصوبے بھی زیر غور آئے۔ حکام نے بتایا کہ سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں ثقافت اور ورثے کے فروغ میں خاصی سرگرم ہیں، جبکہ چھ فروری کو عالمی مجسمہ نمائش کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمیٹی نے ہدایت کی کہ طلبہ کے لیے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے باقاعدہ مطالعاتی دورے کرائے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو قومی ثقافت اور تاریخ سے جوڑا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








