ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل تہلکہ خیز فیصلہ! آئی سی سی نے 2 اہم بلے باز معطل کر دیئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل امریکا کی کرکٹ ٹیم کے نمایاں کھلاڑی ایرون جونز کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ آئی سی سی اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے اینٹی کرپشن قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 31 سالہ امریکی بیٹر پر عائد بیشتر الزامات کا تعلق بِم 10 ٹورنامنٹ 2023-24 سے ہے جو کرکٹ ویسٹ انڈیز کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت آتا ہے جبکہ دو الزامات بین الاقوامی میچز سے متعلق ہیں جو آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں شامل ہیں۔

بیان کے مطابق ایرون جونز پر الزام ہے کہ انہوں نے بِم 10 ٹورنامنٹ کے دوران میچ کے نتیجے، پیش رفت یا کسی بھی پہلو کو غیر قانونی طور پر متاثر کرنے یا اس کی کوشش کی جو سی ڈبلیو آئی اینٹی کرپشن کوڈ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ان پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کرکٹ ویسٹ انڈیز کو ایسی پیشکشوں یا رابطوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں جو ممکنہ طور پر کرپشن کے زمرے میں آتی تھیں۔ مزید یہ کہ انہوں نے نامزد اینٹی کرپشن افسر کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں مکمل تعاون نہیں کیا۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت بھی ایرون جونز پر الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو موصول ہونے والی مشتبہ پیشکشوں یا رابطوں کی مکمل معلومات فراہم نہ کرنا اور ممکنہ کرپٹ سرگرمیوں کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا یا شواہد چھپانے جیسے الزامات شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق یہ تمام الزامات ایک وسیع پیمانے پر جاری تحقیقات کا حصہ ہیں جن کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرون جونز کو فوری طور پر ہر قسم کی کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کر دیا گیا ہے جبکہ انہیں 28 جنوری 2026 سے 14 دن کے اندر الزامات کا تحریری جواب جمع کرانا ہوگا۔

یہ پیش رفت آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے چند روز قبل سامنے آئی ہے جو 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔

ایرون جونز کی معطلی کے باعث امریکا کو ورلڈ کپ کے لیے متبادل کھلاڑی کے انتخاب پر غور کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ تاحال امریکی ٹیم کے اسکواڈ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایرون جونز اب تک امریکا کی جانب سے 52 ون ڈے انٹرنیشنل اور 48 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں وہ ایک سنچری اور 13 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 2434 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

Related Posts