بھارتی شہر حیدرآباد کے علاقے مدھورا نگر تھانہ کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شراب کی لت میں مبتلا ایک خاتون نے خودکشی کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق 45 سالہ راجیشوری اپنے شوہر شیو کمار کے ساتھ یوسف گوڑہ کے قریب ایل این نگر میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھیں۔
اطلاعات کے مطابق رواں ماہ کی 25 تاریخ کو رات گئے راجیشوری نے شراب نوشی کے بعد مزید شراب کا مطالبہ کیا تو شوہر نے انکار کر دیا جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا ہو گیا۔ ناراض ہو کر خاتون گھر کے اندر چلی گئیں اور ساڑھی کی مدد سے پنکھے سے پھانسی لگا لی۔
کچھ دیر بعد ان کا چھوٹا بیٹا گوتم کمار ماں کو ڈھونڈتے ہوئے کمرے میں داخل ہوا تو دیکھا کہ وہ پھانسی کی حالت میں لٹکی ہوئی ہیں۔ فیملی ممبران نے فوری طور پر دروازہ توڑ کر اسے اتارا اور قریبی نجی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
شرابی خاتون راجیشوری کے بھائی درگا پرساد کی درخواست پر مدھورا نگر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے تاکہ واقعے کی تمام پہلوؤں کا پتہ لگایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








