ملک میں اقتصادی انقلاب کا آغاز؟ ورلڈ بینک کے صدر 20 ارب ڈالر کے وعدے کے ساتھ پاکستان میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا پاکستان ایک اہم دورے پر پہنچ گئے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے ساتھ 10 سالہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر بانگا 4 فروری تک پاکستان میں قیام کریں گے اور اس دوران سینئر حکومتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں وزیراعظم، ڈپٹی وزیراعظم، وزیر خزانہ اور دیگر اہم حکام شامل ہوں گے۔

دورے کے دوران اقتصادی اصلاحات، پانی کے تنازعات اور دیگر اہم مسائل پر بات چیت متوقع ہے۔ صدر بانگا کو ملکی ترقیاتی منصوبوں اور اقتصادی اصلاحات کی ترجیحات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 سالہ ملک شراکت داری کے نفاذ میں نمایاں پیش رفت متوقع ہے جس کے تحت ورلڈ بینک 2035 تک پاکستان کو 20 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

گزشتہ برس دسمبر میں ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان پبلک ریسورسز برائے جامع ترقی۔ ملٹی فیز پروگرام (PRID-MPA) کے لیے 700 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دی تھی۔

PRID-MPA ایک طویل مدتی کثیر پروگرام منصوبہ ہے جو ملک میں معاشی استحکام کو سہارا دینے اور سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

ورلڈ بینک کی پریس ریلیز کے مطابق PRID-MPA ایک جدید قومی پروگرام ہے جو وفاقی اور صوبائی اصلاحات کو سپورٹ کرے گا ملکی آمدنی میں اضافہ کرے گا، عوامی اخراجات کے معیار کو بہتر بنائے گا اور ڈیجیٹل اور ڈیٹا ٹولز کے ذریعے سروس ڈلیوری کو مؤثر بنائے گا۔

یہ پروگرام آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی اور نیشنل فِسکل پیکٹ کے مطابق جاری مالی اصلاحات کی حمایت کرے گا اور متعدد مراحل میں مجموعی طور پر 1.35 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔

Related Posts