سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب سینیٹر دنیش کمار نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ساتھ غیر رسمی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار نظر آنے والے چہرے ہیں، مجھے آپ سے بہت پیار ہے۔
نجی ٹی وہ چینل کے مطابق سینیٹر دنیش کمار کے اظہار محبت پر اجلاس میں موجود اراکین نے زور دار قہقہے لگائے اور ماحول خوشگوار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر دنیش کمار نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ دسمبر میں سرکاری اداروں سے متعلق متعدد سوالات اٹھائے تھے لیکن ان کے جواب تاحال مکمل طور پر موصول نہیں ہوئے تھے۔ آج پہلی بار وہ ان سوالات کے جوابات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
دنیش کمار نے کمیٹی اجلاس میں یہ بھی اظہار کیا کہ شاید آپ کا محکمہ جان بوجھ کر اس طرح تاخیر کر رہا ہے۔ اس پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سینیٹر کے اعتراض کو درست قرار دیتے ہوئے وعدہ کیا کہ آئندہ سوالات کے جوابات بروقت فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ایک سوال کے جواب کے بعد مزید 23 سوالات بھی کمیٹی کو موصول ہوئے ہیں اور ان کے تمام جوابات مکمل اور تفصیلی طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








