اقوامِ متحدہ: پاکستان کا بی ایل اے کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

بی ایل اے
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے کالعدم بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نے دہشت گردی کے باعث عالمی امن وسلامتی کو لاحق خطرات پر سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بی ایل اے کے حوالے سے فہرست میں شامل کرنے کی درخواست پہلے ہی زیر غور ہے۔

اپنے خطاب میں عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان امید رکھتا ہے کہ سلامتی کونسل 1267 پابندیوں کے نظام کے تحت بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کیلئے جلد فیصلہ کرے گی۔ بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت پر سلامتی کونسل اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

خطاب کے دوران عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری سے اظہارِ یکجہتی اور حمایت کا بھرپور اظہار حاصل کیا۔ ہم اپنی سرزمین سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں اور سرحد پار سرپرستوں، معاونین اور سہولت کاروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی سطح پر بھاری قیمت ادا کی جہاں 90 ہزار سے زائد افراد شہید اور بھاری معاشی خسارہ ہوا۔ پاکستان نے القاعدہ کی مرکزی قیادت کے خاتمے اور داعش کے علاقائی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

Related Posts