مزاح کا نیا تجربہ یا بڑا رسک؟ کامیڈی فلم بھاگم بھاگ کے سیکوئل گووندا کی جگہ منوج باجپائی کی انٹری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بالی ووڈ کی مقبول کامیڈی فلم بھاگم بھاگ (2006) کے سیکوئل سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے جس میں کاسٹ کے حوالے سے ایک بڑی تبدیلی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ فلم کے دوسرے حصے میں جہاں اکشے کمار اور پریش راول ایک بار پھر نظر آئیں گے وہیں اصل فلم کے اہم کردار گووندا اس بار سیکوئل کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق گووندا کی جگہ معروف اداکار منوج باجپائی کو کاسٹ کر لیا گیا ہے جو پہلی بار اکشے کمار اور پریش راول کے ساتھ ایک مکمل کامیڈی فلم میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ اس پیش رفت کی تصدیق کئی معتبر بھارتی میڈیا اداروں نے کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلم سازوں کی جانب سے گووندا سے باضابطہ طور پر رابطہ نہیں کیا گیا تھا جبکہ گووندا کی جانب سے اس پراجیکٹ کے لیے اسکرپٹ، کردار، معاوضے اور ہدایتکار سے متعلق کچھ شرائط بھی رکھی گئی تھیں جس کے باعث معاملات آگے نہ بڑھ سکے۔

اہم تفصیلات

ہدایتکار: فلم کی ہدایتکاری راج شاندلیہ کریں گے جو اس سے قبل Dream Girl اور Dream Girl 2 جیسی کامیاب فلمیں بنا چکے ہیں۔ اس بار اصل فلم کے ہدایتکار پریادارشن اس پراجیکٹ سے وابستہ نہیں ہیں۔

شوٹنگ کا آغاز: فلم کی شوٹنگ مارچ 2026 میں ممبئی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

کاسٹ: اکشے کمار کے مقابل مرکزی خاتون کردار کے لیے میناکشی چودھری کو فائنل کر لیا گیا ہے جو ایک طویل وقفے کے بعد بالی ووڈ میں واپسی کر رہی ہیں۔ منوج باجپائی کے مقابل ایک اداکارہ کے انتخاب پر بات چیت جاری ہے جبکہ اکشے کھنہ کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

کہانی: سیکوئل کی کہانی بالکل نئی ہوگی تاہم اس میں بھی غلط فہمیوں، مزاحیہ صورتحال اور افراتفری پر مبنی عناصر شامل ہوں گے تاکہ اصل فلم جیسا مزاح برقرار رکھا جا سکے۔

فلم میں اس بڑی تبدیلی پر شائقین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ مداح گووندا کی عدم موجودگی پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان کی مخصوص کامیڈک ٹائمنگ کے بغیر فلم ادھوری محسوس ہوگی جبکہ کئی افراد منوج باجپئی کی شمولیت کو ایک تازہ اور دلچسپ تجربہ قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھاگم بھاگ 2 تقریباً 20 سال بعد بنائی جا رہی ہے اور اکشے کمار اپنے جاری فلمی منصوبے مکمل کرنے کے بعد اس پراجیکٹ پر کام شروع کریں گے۔

Related Posts