اسلام آباد میں خودکش دھماکہ، افغان ماسٹر مائنڈ سمیت 11 سہولت کار گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

دھماکا
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیے گئے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد شہید جبکہ 160 سے زائد زخمی ہوئے، خودکش حملے کے افغان ماسٹر مائنڈ سمیت 11 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خودکش حملے کے افغان ماسٹر مائنڈ کا تعلق داعش سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 افغان باشندوں سمیت خودکش دھماکے کے 6 سہولت کار نوشہرہ سے گرفتار ہوئے۔ حملہ آور کی والدہ سمیت 3 افراد کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا جبکہ فون پر معلومات دینے والا ایک سہولت کار کراچی سے گرفتار ہوگیا۔

حکام کا سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ داعش نے حملے کی منصوبہ بندی،تربیت اور ذہن سازی کی۔ افغان طالبان کی سرپرستی میں داعش اوردیگردہشت گردتنظیمیں امن کیلئے بڑا خطرہ ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف آپریشنز ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کے نتیجے میں کیے گئے، نوشہرہ میں آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، آپریشن کے دوران ایک بہادر سپوت شہید،3زخمی ہوئے، دہشت گردوں کے خلاف مزید انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تاحال جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور دھماکے کے روز ہی نوشہرہ سے اسلام آباد پہنچا، دہشت گرد نے راولپنڈی سے کھنہ کا روٹ استعمال کیا، سہولت کار افغانستان میں فتنہ الخوارج سے رابطے میں تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ خودکش حملہ آور7 مرتبہ افغانستان کے دورے کرچکا تھا، حملہ آور نے سینے کے علاوہ ٹانگوں پر بھی بارودی مواد باندھ کر مسلمانوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد شہید اور 160 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ نمازِ جمعہ کے دوران امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں داخلے سے روکنے پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

Related Posts