احتیاط کریں، 13 سے 15فروری تک شدید زلزلوں کی پیشگوئی

تازہ ترین

تازہ ترین

13 سے 15 فروری
(فوٹو: آن لائن)

ڈچ ماہرِ زلزلہ فرینک ہوگر بیٹس نے زمین پر ممکنہ زلزلہ خیز سرگرمی سے متعلق ایک نئی وارننگ جاری کی ہے، جس میں انہوں نے 13 سے 15 فروری کے درمیان شدید زلزلوں کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔

متنازع پیش گوئیوں کے لیے معروف ہوگر بیٹس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ نہ صرف ممکنہ جھٹکوں بلکہ ایک غیر متوقع “سرپرائز” کے لیے بھی ہوشیار رہیں، اور اس کی وجہ زمین، چاند اور سیارۂ مشتری کی ایک خاص ترتیب کو قرار دیا ہے۔ اگرچہ ان کی وارننگز سوشل میڈیا پر تشویش کا باعث بنی ہیں، تاہم سائنسی برادری ان دعوؤں کو غیر سائنسی قرار دے کر مسترد کرتی رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں زمین پر زلزلہ خیز سرگرمی دیکھی جا سکتی ہے، اور اس بار انہوں نے لوگوں کو ایک “سرپرائز” کے حوالے سے بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ہوگر بیٹس کے مطابق فلکی اجسام کی ترتیب، جسے وہ “سیاروں کی جیومیٹری” کہتے ہیں، اس وقت خاص اہمیت رکھتی ہے۔

ان کے تجزیے کے مطابق 13 سے 15 فروری کے درمیان زمین، چاند اور سیارۂ مشتری ایک سیدھی لائن میں آجائیں گے، جس کے نتیجے میں زلزلوں کی سرگرمی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مشورہ دیتا ہوں کہ 13 سے 15 فروری کے دوران انتہائی محتاط رہیں، کیونکہ اس عرصے میں ایک بڑا زلزلہ آ سکتا ہے اور کوئی غیر متوقع واقعہ بھی پیش آ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دعوے غیر سائنسی ہیں اور موجودہ سائنسی فہم کے مطابق سیاروں کی حرکت کا زمین پر آنے والے زلزلوں سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ہوگر بیٹس کو فروری 2023 میں ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد شہرت ملی، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے تین دن پہلے پیش گوئی کر دی تھی۔

Related Posts