ایران میں نوبیل انعام یافتہ سماجی رہنما نرگس محمدی کو 6 سال قید کی سزا

تازہ ترین

تازہ ترین

نرگس محمدی
(فوٹو: آن لائن)

ایرانی عدالت نے نوبیل انعام یافتہ سماجی رہنما نرگس محمدی کو 6سال طویل قید کی سزا سنا دی ہے۔ ملزمہ کو یہ سزا جرائم کے ارتکاب کیلئے اجتماع سمیت دیگر الزامات پر سنائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق غیرملکی خبررساں ایجنسی نے نرگس محمدی کو سزا سنائے جانے کی تصدیق کردی۔ نرگس محمدی کے وکیل کا کہنا ہے کہ نرگس محمدی پر جرائم کیلئے اجتماع اور سہولت کاری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان کے ملک چھوڑنے پر بھی 2سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔

وکیل کے مطابق نرگس محمدی کو پراپیگنڈہ کے الزام میں مزید ڈیڑھ سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ 2 سال کیلئے مشرقی صوبے جنوبی خراسان کے شہر خوسف میں جلاوطنی کا حکم بھی دے دیا گیا جبکہ ایرانی قانون کے تحت ان سزاؤں کا اطلاق بیک وقت عمل میں لایا جاسکتا ہے۔

تاہم وکیل کو امید ہے کہ نرگس محمدی کی خراب صحت کو دیکھتے ہوئے انسانی ہمدردی کے ناطے عدلیہ انہیں علاج کیلئے ضمانت پر عارضی رہائی دینے پر غور کرسکتی ہے۔ خیال رہے کہ نرگس محمدی 25سال سے سزائے موت کے خلاف مہم اور خواتین کیلئے لازمی حجاب کے قانون پر تنقید کرتی آئی ہیں۔

پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران میں ملک کے قوانین پر تنقید سنگین جرم ہے جس پر نرگس محمدی کو بار بار مقدمات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ وہ اس سے قبل بھی جیل جاچکی ہیں۔ سزائے موت کے خلاف مہم جوئی کے اعتراف میں ہی نرگس محمدی کو 2023 میں امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا جو ان کی قید کے باعث ان  کے بچوں نے وصول کیا۔

Related Posts