پاک بھارت میچ پر ڈیڈ لاک، آئی سی سی پاکستان کو منانے میں کامیاب ہوئی یا ناکام؟

تازہ ترین

تازہ ترین

پاک بھارت میچ
(فوٹو: آن لائن)

پاک بھارت میچ پر ڈیڈ لاک کے تناظر میں آئی سی سی کے وفد نے چیئرمین پی سی بی سے ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی کی سربراہی میں ملاقات کی اور یو اے ای کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے فیصلے پر نظر ثانی کی درخؤاست کی، جس پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی  کے سامنے اپنا مؤقف رکھ دیا۔ 

ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ کی محسن نقوی سے طویل ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومتِ پاکستان نے کیا تھا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ کا خیر مقدم کیا۔ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے پر پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کا ہی ہوگا۔

کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نے اپنا نقطہ نظر بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر مرکوز کیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے کرکٹ میچ نہ کھیلنے سے آئی سی سی اور میچ کے میزبان سری لنکا کو بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو پاکستان کا مؤقف آئی سی سی بورڈ ممبران کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔ مذاکرات کے دوران بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی موجود تھے۔اس سے قبل سری لنکا نے بھی پاکستان سے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔

ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ کے مبشر عثمانی نے بھی ورچؤل طور پر آئی سی سی اور پاکستان کے مابین پاک بھارت میچ پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی۔ اماراتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو میچ میں شرکت کا فیصلہ کرکٹ کے بہترین مفاد میں کرنا چاہئے۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی آئندہ ایک سے دو روز میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائےگا۔

Related Posts