کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع چونا فیکٹری میں 3 دن قبل لگی آگ اب تک نہ بجھ سکی۔آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری نقصان ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قریبی فیکٹری کے مالک نے میڈیا کو بتایا کہ جمعہ کی رات جوتا فیکٹری میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر کراچی بھر سے فائر بریگیڈ اور فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر بہت حد تک قابو پا لیا گیا تاہم آگ ہفتے کی شام تک بھی مکمل طور پر بجھانے میں کامیابی نہ ہوسکی۔
فیکٹری مالک کے بیان کے مطابق گزشتہ روز فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پانی لینے کے لیے گئیں تو پھر آگ بھڑک اٹھی جسے کئی گھنٹوں بعد جا کر کم کیا گیا تھا، تاہم اتوار کی رات ساڑھے 9 بجے ایک بار پھر اسی فیکٹری کے زیر زمین حصے میں آگ بھڑک اٹھی
بیان کے مطابق دوبارہ بڑھ جانے والی آتشزدگی کے موقع پر صرف ایک اسنارکل موجود تھی جس کا پائپ پھٹ چکا تھا اور پانی بھی نہیں تھا۔فائر ٹینڈر پانی لینے کے لیے جانے کے بعد واپسی پر ٹریفک جام کے باعث کافی دیر بعد موقع پر پہنچی۔
اطلاعات یہ ہیں کہ اس آتشزدگی کی وجہ سے اس پاس کی کئی فیکٹریاں متاثر ہوئی ہیں اور آگ کے شعلوں کی وجہ سے مزید فیکٹریاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق رات گئے اس آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








