میں ٹھاکر ہوں! بینک ملازمہ کی کسٹمر کو دھمکیاں اور حملے کی کوشش؛ ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں ایک بینک برانچ کے اندر گرما گرم بحث کے دوران ایک ملازمہ اور گاہک کے درمیان جھگڑا سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ ویڈیو میں ملازمہ گاہک کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے کہتی سنائی دیتی ہیں کہ میں ٹھاکر ہوں، بکواس مت کرنا۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کانپور کی پانکی برانچ میں پیش آیا جہاں ایک معمولی کسٹمر سروس سے متعلق تنازعہ شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک ملازمہ آستھا سنگھ نے گاہک کو گالیاں دیں، لیپ ٹاپ اٹھا کر دھمکی دی اور مارنے کی کوشش کی جسے دیگر افراد نے روکنے کی کوشش کی۔

ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا ہے اور صارفین اس واقعے پر سخت برہم ہیں۔ لوگ اسے ذات پات کی بنیاد پر غرور اور غیر پیشہ ورانہ رویہ قرار دے رہے ہیں۔ بہت سے صارفین ایچ ڈی ایف سی بینک سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر اس ملازمہ کے خلاف کارروائی کی جائے اور اسے نوکری سے برطرف کیا جائے۔

ماہرین کے مطابق ایسے مناظر جہاں ملازمین ذات یا سماجی شناخت کے نام پر گفتگو کرتے ہیں نہ صرف بینک یا ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ صارفین کے اعتماد اور تعلقات کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اب تک بینک یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان یا کارروائی جاری نہیں کی گئی ہے لیکن سوشل میڈیا پر اس معاملے پر سخت ردعمل جاری ہے۔

Related Posts