بیرونِ ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام! اے این ایف نے 825 کلو نشہ آور گولیاں برآمد کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک منشیات اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی خفیہ اور مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں موجود 32 کارٹنوں پر مشتمل ایک مشکوک کھیپ کو تحویل میں لیا گیا۔تلاشی کے دوران ان کارٹنوں سے بھاری مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں جن میں 14 لاکھ 70 ہزار ٹراماڈول گولیاں شامل تھیں جن کا مجموعی وزن 808 کلوگرام ہے جبکہ 57 ہزار 600 ویلیم (ڈائزیپام) گولیاں بھی برآمد کی گئیں جن کا وزن 17.280 کلوگرام بتایا گیا ہے۔

اے این ایف حکام کے مطابق یہ کھیپ نائجیریا بھیجے جانے کے لیے بُک کروائی گئی تھی۔ ضبط کی گئی تمام نشہ آور گولیوں کا مجموعی وزن 825.78 کلوگرام بنتا ہے جنہیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ گولیاں مختلف اقسام کی منشیات تیار کرنے میں استعمال کی جاتی ہیں اور اس قدر بڑی مقدار میں نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ ایک تشویشناک رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق اے این ایف بدلتے ہوئے اسمگلنگ طریقوں کو ناکام بنانے، تجارتی چینلز کے غلط استعمال کو روکنے اور ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن پر مکمل عزم کے ساتھ انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

Related Posts