معروف ٹک ٹاکر علینا عامر کی نامناسب ویڈیو کس نے وائرل کی؟ متنازعہ ڈیپ فیک ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر فروغ دینے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف ٹک ٹاکر علینہ عامر نے اپنی متنازع ڈیب فیک ویڈیو بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی۔ خاتون ٹک ٹاکر کا کہنا ہے کہ میں تمام لوگوں کو کیفرکردار تک پہنچاؤں گی۔
ایک رپورٹ کے مطابق 2 ہفتے قبل علینا عامر کی متنازعہ ویڈیو وائرل ہوئی، علینا عامر کا دعویٰ ہے کہ یہ ویڈیو اے آئی کی مدد سے بنائی گئی اور ویڈیو میں کسی اور لڑکی کی جگہ علینا عامر کا چہرہ لگا کر اسے وائرل کردیا گیا۔
اس معاملے پر ایک ویڈیو ریکارڈ کرواتے ہوئے علینا عامر نے کہا کہ میں اس موضوع پر بالکل بات نہیں کرنا چاہتی تھی اور ایک ہفتے سے خاموشی سے دیکھ اور سن رہی تھی، لیکن سیکڑوں پوسٹس دیکھیں کہ علینا عامر کی ویڈیو لیک ہوگئی ہے۔
ٹک ٹاکر علینا عامر نے کہا کہ میں نے سوچا کہ ایسے لوگوں کو ان کی زبان میں ہی جواب دینا ہوگا۔ میری ویڈیو بنانے کا یہی مقصد ہے کہ میں خاموش نہیں بیٹھوں گی اور اپنے لیے آواز بلند کروں گی۔ ڈیپ فیک ویڈیو پر مقدمہ درج ہوچکا ہے۔
علینا عامر نے کہا کہ ایف آئی آر ان تمام لوگوں کے خلاف ہے جنہوں نے اے آئی کی مدد سے یہ ویڈیو بنائی بلکہ ان کے خلاف بھی جنہوں نے ویڈیو کو اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کیا اور آگے پھیلایا۔ تمام لوگوں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر حنا پرویز بٹ کے علاوہ این سی سی آئی کی شکر گزار ہوں کہ ان تمام لوگوں نے میری مدد کی۔ ایسی لڑکیوں کیلئے آواز بنوں گی جو اس قسم کی ویڈیوز سے ڈر کر خاموش ہوجاتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








