برطانوی گلوکار اور ریپر اوکلے نیل سیزر سو المعروف سینٹرل سی نے اسلام قبول کرنے اور اپنا نام تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 27 سالہ فنکار نے یہ اعلان ایک لائیو اسٹریمنگ سیشن کے دوران کیا، جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ کلمہ شہادت پڑھ کر باقاعدہ طور پر دائرہ اسلام میں داخل ہو چکے ہیں۔
لائیو نشریات کے دوران انہوں نے خود کلمہ پڑھا جبکہ اس موقع پر موجود دوستوں نے انہیں اسلام قبول کرنے پر مبارکباد بھی دی۔
سینٹرل سی نے مزید بتایا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام اوکلی سے تبدیل کر کے عقیل رکھ لیا ہے تاہم انہوں نے اپنے روحانی سفر یا اسلام کی طرف مائل ہونے کی وجوہات پر تفصیل سے گفتگو نہیں کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سینٹرل سی نے کبھی بھی اپنے مذہبی خیالات کو عوامی سطح پر بیان نہیں کیا تھا البتہ ان کے مداحوں میں اس وقت چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں جب انہوں نے سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹس میں عربی زبان کے کیپشنز استعمال کیے تھے۔
سینٹرل سی 4 جون 1998 کو لندن میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2014 میں اپنے موسیقی کے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کا مشہور گانا “Too Much” 2023 میں ریلیز ہوا جس نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔
سال 2024 میں سینٹرل سی کو دنیا کا سب سے زیادہ سنا جانے والا برطانوی ریپر قرار دیا گیا جبکہ ان کی موسیقی کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنا جا چکا ہے۔
اسلام قبول کرنے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








