بالی ووڈ کی مشہور فلموں تھری ایڈیٹس، پی کے، منا بھائی اور سنجو کے پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا کے صاحبزادے اور کرکٹر اگنی دیو چوپڑا نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 میں ممکنہ شمولیت سے متعلق خبروں پر وضاحت پیش کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور بعض رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ اگنی دیو چوپڑا نے پی ایس ایل 2026 کے آکشن کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے جس کے بعد یہ معاملہ خاصی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ان قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر ایک کھلاڑی کی فہرست میں ان کا نام بطور امریکی کرکٹر درج نظر آیا۔
اگنی دیو چوپڑا نے ان تمام خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف واضح کیا اور کہا کہ ان کے نام سے پی ایس ایل سے متعلق جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
اگنی دیو کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کیلئے کسی قسم کی رجسٹریشن نہیں کروائی اور اس وقت ان کی تمام تر توجہ امریکا میں اپنے کرکٹ کیریئر اور طویل المدتی پیشہ ورانہ اہداف پر مرکوز ہے۔ انہوں نے مداحوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غلط معلومات پر یقین نہ کریں۔
واضح رہے کہ اگنی دیو چوپڑا 2025 تک بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ رہے ہیں اور رانجی ٹرافی، وجے ہزارے ٹرافی اور سید مشتاق علی ٹرافی جیسے اہم ٹورنامنٹس میں شرکت کر چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








