جنوبی پنجاب کے شہر احمد پور شرقیہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو “امام مہدی” ظاہر کرنے اور لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت سید تحسین عباسی کے نام سے ہوئی ہے جو حمزہ ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سٹی احمد پور شرقیہ تھانے کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص علاقے میں لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے اور دعویٰ کر رہا ہے کہ اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بشارت دی گئی ہے کہ وہی آخری امام مہدی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر رسول بخش نے پولیس ٹیم کے ہمراہ حمزہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ایک گلی سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے دعوے کی تصدیق کی، جس کا ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک اسمارٹ فون بھی برآمد ہوا ہے جسے مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 295-A اور 298 کے تحت مقدمہ نمبر 79/26 درج کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








