پچاس ہزار درہم مالیت کا سونا کچرے میں پھینک دیا! 3 روز بعد حیران کن واپسی؛ بھارتی خاتون دبئی پولیس کی مداح

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

دبئی میں ایک بھارتی خاتون کمنی کنن نے غلطی سے تقریباً 50,000 درہم مالیت کا سونا کچرے میں پھینک دیا لیکن دبئی پولیس نے صرف تین دن میں اسے واپس لوٹا دیا۔ کمنی کنن 23 سال تک متحدہ عرب امارات میں رہنے کے بعد 2021 میں بھارت واپس چلی گئی تھیں اور حال ہی میں ایک شادی میں شرکت کے لیے دبئی آئی تھیں۔

جنوری کے آخر میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث خاتون نے اپنی سونے کی سرمایہ کاری کا جائزہ لیا۔ ان کی پرانی تھیلی پھٹی ہوئی تھی اس لیے انہوں نے قیمتی سامان کو عارضی طور پر ایک نئی تھیلی میں منتقل کیا اور اسے ڈائننگ ٹیبل پر رکھ دیا۔ اس تھیلی میں چار 22 قیراط کے سونے کے سکے (ہر ایک 8 گرام) اور ایک 50 گرام کا 24 قیراط کا سونا موجود تھا۔

خاتون نے صفائی کے دوران سونے والی تھیلی غلطی سے کچرے میں پھینک دی تاہم اگلے دن اس بات کا احساس ہوا تو وہ گھبرا گئیں کیونکہ ان کی واپسی کا ٹکٹ اگلے دن کا تھا۔ انہوں نے سوچا کہ اب سونا ہاتھ سے نکل گیا اس لیے پولیس میں رپورٹ درج نہیں کروائی۔ کمنی نے کہاکہ اگر کچرے میں ہے تو مطلب یہ کہ چلا گیا۔

تین دن بعد یعنی 4 فروری کو ان کے بیٹے ابھیمانو کو بلڈنگ کے گارڈ کی طرف سے فون آیا کہ کوئی ان کی گمشدہ چیز کے بارے میں پوچھ رہا ہے اور وہ پولیس تھی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ایک کچرا جمع کرنے والے نے تھیلی کچرے میں پائی اور اسے گولڈ سوک لے گیا جہاں سے پولیس نے کارروائی کی۔ دبئی پولیس کے پاس کچرے کو ٹریک کرنے کا جدید نظام موجود ہے جس سے یہ معلوم کرنا ممکن ہوتا ہے کہ کون سی تھیلی کس جگہ سے آئی ہے۔

ابھیمانو کو نائف پولیس اسٹیشن بلایا گیا جہاں انہوں نے تصاویر، خریداری کے بل اور ملکیت کے دیگر ثبوت پیش کیے۔ چند گھنٹوں میں پولیس نے کارروائی مکمل کی اور سونا مکمل طور پر واپس مل گیا۔

کمنی کنن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے واقعی دبئی پسند ہے۔ کوئی اور شہر اس جیسا نہیں ہے۔ یہ واقعہ دبئی کے ایماندار اور موثر نظام کی ایک بہترین مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔

Related Posts