بچوں کی فحش ویڈیوز پر 10 سال سزا اور بھاری جرمانہ ہوگا، سینیٹ میں بل منظور

تازہ ترین

تازہ ترین

سینیٹ
(فوٹو: سینیٹ)

سینیٹ نے بچوں کی فحش ویڈیوز پر 10 سال سزا اور 50 لاکھ سے 1 کروڑ تک جرمانے کی سزا دینے والے انسدادِ الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل کو منظور کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ نے حالیہ اجلاس میں متعدد بلز کی منظوری دی اور پیکا ایکٹ میں ترمیم کا بل منظور کیا۔ ترمیمی بل کے مطابق وفاقی حکومت ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر مبنی معاہدہ کرے جن کی سوشل میڈیا ایپس پاکستان میں استعمال ہوتی ہیں۔

اسی طرح سینیٹ نے فوجداری قوانین میں ترمیم کا بل بھی منظور کیا جس کے مطابق زیادتی کا شکار لڑکے یا لڑکی کا میڈیکل نہ دینے پر 1 سال تک سزا اور جرمانہ کیاجاسکتا ہے اور اگر ہسپتال علاج معالجہ نہ کرے تو ہسپتالوں کو بھی سزا ہوگی۔

نجی ہسپتالوں پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ ریپ سے متأثرہ شخص کو 24 گھنٹوں کے اندر اندر سرکاری ہسپتال بھیجیں۔ سینیٹ نے انسداد الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل بھی منظور کرلیا جس میں بچوں کی فحش ویڈیوز پر سزا 7 سال سے بڑھا کر 10 سال کردی گئی۔

انسدادِ الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل میں جرمانہ 50 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔ سینیٹ نے ثمینہ زہر کی جانب سے پیش کردہ فیملی کورٹ ترمیمی بل اور شیری رحمان کے اسلام آباد میں کتابوں پر پلاسٹک کور کی ممانعت کے بلز بھی منظور کرلیے۔

Related Posts