پاکستان کی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری! یو اے ای کے 2 ارب ڈالر کا رول اوور منظور

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں دو ماہ کی مختصر توسیع دینے پر اصولی طور پر ہامی بھر دی ہے۔ یہ رقم اب 17 اپریل 2026 تک رول اوور رہے گی۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اماراتی حکام سے براہ راست رابطہ کیا۔ اس توسیع پر 6.5 فیصد شرح سود کا اطلاق ہوگا جبکہ متعلقہ اماراتی اداروں سے رسمی منظوری جلد ملنے کی امید ہے۔

یہ اقدام پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تیسرے جائزہ مذاکرات سے عین قبل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پچھلی ایک ماہ کی توسیع ختم ہونے میں صرف چند دن باقی تھے اس لیے یہ عارضی ریلیف پاکستان کے لیے بروقت ثابت ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت مکمل ہونے کے بعد پاکستان دوبارہ امارات سے طویل مدتی رول اوور کے لیے رابطہ کرے گا۔ یاد رہے کہ جنوری میں بھی یو اے ای نے ایک ماہ کی توسیع دی تھی جبکہ اس ڈپازٹ کی ایک ارب ڈالر کی باقی قسط جولائی 2026 میں ادا کی جانی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے تصدیق کی ہے کہ اسحاق ڈار خود اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رول اوور کی مدت اور شرائط کا فیصلہ قرض دینے والے ملک کا اختیار ہے، اور نائب وزیر اعظم کی کوششوں سے یہ معاملہ طے پا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزارت خزانہ کے بعض بیانات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں البتہ وزیر خزانہ کے اس مؤقف کا حوالہ دیا کہ پاکستان کے بیرونی مالیاتی ڈھانچے میں کوئی خلا نہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

Related Posts