عمران خان کو اڈیالہ سے کونسی جیل میں منتقل کیا جائے گا؟ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سب کچھ بتا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ماڈل جیل اور نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ، جو 2011 سے التوا کا شکار تھا مگر اب تیزی سے مکمل ہو رہا ہے۔ گزشتہ ایک برس میں غیر معمولی پیشرفت کے بعد فیز ون کا 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اگلے دو ماہ میں جیل فنکشنل کر دی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل میں سکیورٹی کے لیے دو حفاظتی دیواریں تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ جدید مانیٹرنگ کے لیے ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا جہاں سے تمام امور کی ڈیجیٹل نگرانی ہو گی بعد ازاں وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کا بھی دورہ کیا اور انڈر ٹریننگ اے ایس پیز کے لیے بنائے گئے ماڈل روم کا معائنہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے کام کو ڈبل شفٹ میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نئی جیل کی تعمیر کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو وہاں منتقل کیا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چونکہ بانی پی ٹی آئی کو سزا اسلام آباد کی عدالت سے ہوئی ہے اس لیے قانونی تقاضوں کے مطابق انہیں اسلام آباد کی جیل میں منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئی جیل میں قیدیوں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جیل کے اندر مکمل طبی مرکز، ایمرجنسی سہولیات، جدید سیکیورٹی سسٹم اور نگرانی کے خصوصی انتظامات موجود ہوں گے۔

Related Posts