ناگن بننے کا تاثر دے کر لڑکی غائب، تلاش پر بوائے فرینڈ کیساتھ مل گئی، دلچسپ واقعہ

تازہ ترین

تازہ ترین

ناگن کی کینچلی
ناگن کی کینچلی، سیندور، لڑکی کا بستر، فوٹو انڈین میڈیا

بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع اوریا میں ایک انتہائی حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں خاتون کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بعد گاؤں میں “اِچھا دھاری ناگن” کی افواہیں پھیل گئیں، تاہم پولیس تحقیقات میں واقعے کی اصل حقیقت سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اپنے گھر سے اس وقت غائب ہوگئی جب اہلِ خانہ کو اس کے بستر پر سانپ کی کینچلی، چند زیورات اور سندور رکھا ہوا ملا۔ اس غیر معمولی منظر کے باعث اہلِ محلہ میں چہ می گوئیاں شروع ہوگئیں اور بعض لوگوں نے اسے توہم پرستی سے جوڑتے ہوئے “ناگن” کی کہانی قرار دیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور خاتون کے موبائل فون ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے اس کا سراغ لگا لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے جان بوجھ کر یہ ڈرامہ رچایا تھا تاکہ گھر والوں کو گمراہ کیا جا سکے اور گھر والوں کے ذہن میں یہ بٹھایا جاسکے کہ لڑکی اصل میں ناگن تھی، جو اپنی جَون بدل کر اپنی اصلیت کے ساتھ واپس چلی گئی۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ خاتون اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی اور مبینہ طور پر طے شدہ شادی سے بچنا چاہتی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ “ناگن بننے” کی بات محض افواہ ثابت ہوئی اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

پولیس نے خاتون کو تلاش کر کے اس کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے، جبکہ اہلِ خانہ کو بھی واقعے کی اصل صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

Related Posts