خیرپور میں قومی شاہراہ کے کنارے ٹنڈو مستی کے قریب بھاری کنکریٹ لیجانے والے ٹریلر اور اور مسافر بس کے درمیان خوفناک تصادم میں کم از کم 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق، ہلاک شدگان کو فوری طور پر خیرپور سول ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تقریباً 10 زخمی مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
دلخراش حادثے میں بس ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 9 مسافر جاں بحق ہوئے۔ بد قسمت بس پنجاب سے کراچی کی آرہی تھی جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس تیز رفتاری سے اوور ٹیکنگ کرنے کی کوشش کر رہی تھی اور اسی دوران ٹریلر سے ٹکرا گئی۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ نے زخمیوں کی اسپتال منتقلی کے دوران راستوں کو کلیئر رکھنے اور اطراف کے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریفک کی بحالی اور روڈ کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ تمام زخمیوں اور ہلاک شدگان کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بڑے شاہراہوں پر لاپرواہی اور غیر محفوظ ڈرائیونگ خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے جس سے ایسے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ کو بھی ایم-9 موٹروے پر کٹھور کے قریب ایک تیل سے بھرے ٹینکر اور مسافر بس کے تصادم میں 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق ہلاک شدگان کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کی گئی تھیں اور زخمی مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔ موٹروے پولیس نے تصدیق کی کہ متعدد زخمی افراد بھی نزدیکی اسپتالوں میں علاج کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








