ٹی 20 ورلڈ کپ، بھارت کا پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 176 رنز کا ہدف

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: آن لائن)

کولمبو میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 176 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے میچ کے پہلے اوور کا آغاز محتاط انداز میں کیا، تاہم پہلے ہی اوور میں کپتان سلمان علی آغا نے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کردیا، جن کا کیچ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پکڑا۔

تاہم بعد ازاں بھارتی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ شروع کردی اور 15اوورز کے اختتام تک 4وکٹس کے نقصان پر 127رنز بنائے۔ اس دوران وکٹ کیپر ایشان کشن سب سے خطرناک بیٹر رہےجس نے 3چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 40گیندوں پر 77رنز بنائے تھے۔انہیں صائم ایوب نے 9ویں اوور کی چوتھی گیند پر بولڈ کردیا۔

پندرہویں اوور کے دوران صائم ایوب نے 1چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 24گیندوں پر 25رنز بنانے والے تلک ورما کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ یوں 3وکٹس کے نقصان پر بھارت کا اسکور 126 ہوا کہ اگلی ہی گیند پر نئے بھارتی بیٹر ہاردک پانڈیا بابر اعظم کو کیچ اور صائم ایوب کو وکٹ دے بیٹھے۔

بھارت کی پانچویں وکٹ 159کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان سوریا کمار یادو عثمان طارق کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ چھٹی اور ساتویں وکٹ 175کے مجموعی اسکور پر گری جب شیوم دوبے اور اکشر پٹیل بالترتیب 27اور 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مجموعی طور پر بھارت نے 7وکٹس کے نقصان پر 175رنز بنائے جبکہ پاکستان کے صائم ایوب سب سے کامیاب بولر رہے جس نے 25رنز کے عوض بھارت کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عثمان طارق نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے سب سے بڑے شہر کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے  ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،  ہمیں اندازہ ہے کہ اس قسم کی پچز پر کیسے کھیلا جاسکتا ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادو ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔

Related Posts