بالی ووڈ کے معروف کامیڈین اداکار راجپال یادو ان دنوں بدقسمتی سے قانونی مسائل کے باعث خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کیس کی ابتدا اس وقت ہوئی جب رواں ماہ کے اوائل میں دہلی ہائی کورٹ نے چیک باؤنس مقدمات میں ان کی سزا پر عمل درآمد سے قبل مہلت میں توسیع دینے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق راجپال یادو نے جمعرات 5 فروری کو تہاڑ جیل میں خود کو حکام کے حوالے کر دیا۔ اداکار پر تقریباً 9 کروڑ روپے کی ادائیگی واجب الادا ہے جبکہ بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان، اجے دیوگن اور سونو سود سمیت متعدد فلمی شخصیات نے سینئر اداکار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اب تک سامنے آنے والی صورتحال کے مطابق راجپال یادو پیر 16 فروری تک جیل میں ہی رہیں گے، جب ان کا معاملہ دوبارہ ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔ اس دوران ان کی اہلیہ رادھا یادو نے ان افواہوں کی تردید کی کہ راجپال کو رہا کر دیا گیا ہے۔
رادھا یادو کا کہنا تھا کہ وہ تاحال جیل میں ہیں اور ضمانت منظور ہونے تک وہیں رہیں گے۔ ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، “جہاں تک مجھے معلوم ہے وہ خیریت سے ہیں۔” انہوں نے مداحوں اور فلم انڈسٹری کے ان افراد کا شکریہ ادا کیا جو مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور کہا کہ خاندان اس وقت متحد ہے اور راجپال کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔
مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے نام ظاہر کرنے سے گریز کرتے ہوئے رادھا نے کہا، “انڈسٹری سے کئی لوگوں نے مدد کے لیے قدم بڑھایا ہے۔ اس مرحلے پر میں نام اور اعداد و شمار ظاہر نہیں کر سکتی۔”
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا، “سب لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انڈسٹری نے بھرپور حمایت کی ہے، جو بھی مدد کے لیے آگے آ رہا ہے ہم اس کے شکر گزار ہیں۔”
راجپال یادو کے منیجر گولڈی جین کا کہنا تھا، “لوگوں نے خود آگے بڑھ کر مدد کی پیشکش کی ہے۔ سب نے تعاون کا وعدہ کیا ہے، اور یہ ضروری نہیں کہ مدد صرف مالی نوعیت کی ہو۔ یہ درست ہے کہ سلمان خان، اجے دیوگن، ورن دَھون اور ڈیوڈ دھون نے فون کیا ہے۔ وہ کس نوعیت سے اور کس طرح مدد کریں گے، یہ ابھی واضح نہیں، مگر سب راجپال بھائی کے خیر خواہ ہیں۔”
رپورٹس کے مطابق 12 فروری کو راجپال یادو کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے مدعی کو درخواست پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور مزید سماعت کے لیے معاملہ پیر تک ملتوی کر دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








