بھارتی علاقے نوئیڈا میں محبت کرنے والا ایک اور جوڑا ہلاک ہوگیا، مرد کے واٹس ایپ نوٹ میں خودکشی کا ذکر شامل ہے تاہم قتل کے شبے پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس نے ایک کار سے ایک مرد اور عورت کے جسم برآمد کیے جن کے جسم پر گولیوں کے نشانات پائے گئے جبکہ کار سے ایک پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں جس سے خودکشی کا تأثر ملتا ہے تاہم ممکنہ قتل کے شبہات بھی سامنے آئے ہیں۔
نوئیڈا کے سیکٹر 39 پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آنے والے واقعے میں علاقہ مکینوں نے فائرنگ کی آواز سن کر پولیس کو جائے وقوعہ پر بلایا۔ تفتیشی ٹیم اطلاع ملنے پر پہنچی تو جوڑے کو کار میں بے ہوشی کی حالت میں دیکھا گیا۔ دونوں کی عمریں 26 سے 32سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
بھارتی پولیس نے دونوں کی شناخت ریکھا اور سمیت کے ناموں سے کی۔ ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ سمیت نے واٹس ایپ نوٹ میں ریکھا سے 15سالہ تعلق اور اس کے رویے کے باعث خودکشی کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریکھا میری خودکشی کی وجہ ہے۔
واٹس ایپ نوٹ کے مطابق ریکھا سمیت سے شادی کا وعدہ کرنے کے بعد کسی اور سے شادی کرنے والی تھی۔ سمیت کے خاندان نے پولیس کی رپورٹ پر سوالات اٹھاتے ہوئے جوڑے کے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے، جن کا ماننا ہے کہ ذاتیات پر مبنی مسائل اور دھمکیاں بھی اس میں شامل ہوسکتی ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








