کراچی: سپر ہائی وے پر متعدد گاڑیوں کا تصادم، خاتون اور بچے سمیت 4افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

سپر ہائی وے
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں سپر ہائی وے پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، خوفناک حادثے کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب پیش آیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوئے جن میں 3خواتین بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ سڑک پر پھسلن کے باعث پیش آیا۔

حکام کے مطابق حادثہ ایم 9 موٹر وے پر ڈمپرز اور وین کے تصادم سے ہوا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ کے ضلع نوشہرو فیورز میں لاڑکانہ سے کراچی جانے والی کار اور ٹرالر کے مابین تصادم کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق ہوگئے تھے، حادثہ مبینہ طور پر تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔

حادثہ گزشتہ روز رپورٹ کیا گیا جو قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں ناگو شاہ ناکہ اسٹاپ کے قریب تیزرفتار کار اور ٹرالر تصادم کا شکار ہوئے۔ واقعے کے نتیجے میں سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے 6افراد جاں بحق ہوئے جو کار پر سوار ہو کر لاڑکانہ سے کراچی جارہے تھے۔

Related Posts