چینی خاتون انفلوئنسر کی خوبصورتی لائیو اسٹریمنگ میں فلٹر فیل ہوجانے کے باعث بے نقاب ہوگئی، جس کے نتیجے میں خاتون کا قدرتی چہرہ سامنے آنے سے 1 لاکھ سے زائد فالوورز غائب ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خاتون انفلوئنسر اپنے فالوورز کے ہمراہ لائیو سیشن میں مصروف تھیں جس کے دوران وہ بیوٹی فلٹر کا استعمال کررہی تھیں، فلٹرز کا استعمال ان کے چہرے کی جلد کو ہموار، آنکھیں بڑی اور چہرے کو پرکشش دکھاتا تھا، تاہم ایک موقعے پر فلٹر بری طرح فیل ہوگیا۔
فلٹر کی ناکامی پر خاتون کا قدرتی چہرہ نظر آنے پر مداح ناراض ہوگئے جسے دھوکہ دہی بھی قرار دیا گیا، خاتون کی اصل شکل و صورت اور فلٹر سے بنائی گئی تصویر میں زمین آسمان کے فرق نے 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز کو خاتون کو ایک ساتھ اَن فالو کرنے پر مجبور کردیا۔
فلٹر کی ناکامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد عوام نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔ کچھ صارفین نے الزام لگایا کہ خاتون نے فالوورز کو دھوکے میں رکھا اور اپنی اصل صورت نہیں دکھائی جبکہ دیگر نے اسے آن لائن تفریح کا حصہ قرار دیا۔
تاہم اس واقعے سے آن لائن شہرت، امانت و دیانت اور خوبصورتی کے معیارات پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ چینی انفلوئنسر خاتون کو نہ صرف فالوورز میں کمی بلکہ تحائف اور ڈونیشنز میں بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس واقعے پر عوامی قیاس آرائیاں تاحال جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








