قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر کرکٹر عماد وسیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ سے شادی کرلی، جس کے بعد ان کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے ویڈیو بیان میں ان کے خلاف ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔ ثانیہ اشفاق کا کہنا ہے کہ نقاب پہن کر دنیا کو کچھ اور دکھانا اور حقیقت میں کچھ اور ہونا درست نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پیغام میں عماد وسیم کو اپنے بچے کی موت کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں ثانیہ اشفاق کا کہنا ہے کہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے معاملے میں مداخلت اور تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہوں۔
اپنے ویڈیو بیان میں ثانیہ اشفاق نے کہا کہ میں انتہائی حوصلے کے ساتھ اپنی بات عوام کے سامنے رکھ رہی ہوں اور اپنے بچوں کے تحفظ کیلئے آواز بلند کررہی ہوں۔ مجھے میرے 3 بچوں سمتی کسی بھی قسم کی مالی معاونت نہیں مل رہی۔ دسمبر 2023 میں میرا اسقاطِ حمل میری مرضی سے نہیں بلکہ زبردستی کیا گیا۔
بیان میں ثانیہ اشفاق نے کہا کہ جب میں نے آواز بلند کرنا چاہی تو مجھے دبانے کی کوشش کی گئی اور سوشل میڈیا مہم بھی چلائی گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ انتظامیہ سے بھی مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور کرکٹر عماد وسیم کی اپنی ٹیم میں شرکت پر نظر ثانی کریں۔
عماد وسیم کی سماجی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے ثانیہ اشفاق نے کہا کہ عوامی شخصیت کو اپنے اقدامات کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی اور نقاب پہن کر دنیا کو کچھ اور دکھانا اور حقیقت میں کچھ اور ہونا ٹھیک نہیں۔ متعلقہ فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ عماد وسیم کے خلاف کارروائی کرے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








