بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 19 سالہ لڑکی کو اس کے لائیو ان پارٹنر نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزم نے لڑکی کے جسم کے نازک اعضاء میں سینیٹائزر ڈال کر اسے آگ لگادی۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون تریپورہ کی رہائشی ہے اور جی ڈی گوئنکا یونیورسٹی میں بائیو ٹیکنالوجی کی طالبہ ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ستمبر 2025 میں ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ملے تھے اور سیکٹر 69 کے ایک پےئنگ گیسٹ (پی جی) میں اکٹھے رہ رہے تھے۔ شادی کے معاملے پر بحث اور ملزم کے کردار کے بارے میں شکوک کی وجہ سے جھگڑا ہوا جس کے بعد ملزم نے خاتون پر وحشیانہ تشدد کیا۔
خاتون کے جسم پر شدید چوٹیں آئیں جن کی وجہ سے اسے پہلے گروگرام کے ایک سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا اور پھر حالت کی سنگینی کے باعث ایمز دہلی منتقل کر دیا گیا جہاں وہ شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔ واقعہ 19 فروری کی رات سامنے آیا جب خاتون کی والدہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کی بیٹی کو اس کے بوائے فرینڈ نے قید کر رکھا ہے اور شدید مار پیٹ کی جا رہی ہے۔
پولیس نے ملزم شیوم (19 سالہ، دہلی کا رہائشی) کو فوری طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ بادشاہ پور تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر ملزم کو ایک دن کی پولیس حراست میں بھیجا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کی حالت انتہائی نازک ہے جبکہ دوسری جانب پولیس اس حوالے سے مزید شواہد اکٹھا کر رہی ہے بشمول سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








