ملک بھر میں سونے کی قیمت میں اضافے نے عوام کو حیران کردیا، صرافہ مارکیٹس میں فی تولہ سونے کی قیمت 7ہزار 100روپے کے اضافے سے 5لاکھ 33ہزار کی سطح پر پہنچ گئی۔ہفتے کو جاری کیے گئے یہ نرخ آج دوپہر تک برقرار رہیں گے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ تازہ نرخ کے مطابق 24 قیراط کا حامل فی تولہ سونا 7ہزار 100روپے کے اضافے سے 5لاکھ 33ہزار 562روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 87 روپے بڑھ کر 4لاکھ 57 ہزار 443 روپے کی سطح پر آگئی۔
مقامی صرافہ بازار میں ایک تولہ چاندی 374 روپے کے اضافے سے 8ہزار 948 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 321روپے کے اضافے سے 7ہزار 671روپے کی سطح پر آگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 71 ڈالر اضافے سے 5ہزار 108 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ماہرین معاشیات کا ماننا ہے کہ سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان بین الاقوامی سطح پر ایران پر امریکا کے ممکنہ حملے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کا عکاس ہے۔
سونے کی قیمت جو گزشتہ برس دسمبر میں 4لاکھ 70 ہزار کی سطح پر تھی، آج 5 لاکھ 33 ہزار سے بھی زائد ہوچکی ہے اور ماہرین کا ماننا ہے کہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال مزید کچھ عرصہ جاری رہنے کے باعث سونے کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








