پی ایس ایل فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز خریدنے والا گروپ دیوالیہ نکلا، او زی گروپ نے پی ایس ایل 11 کے آغاز سے قبل ہی سی ڈی وینچرز کو فرنچائز کے 98فیصد شیئرز فروخت کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ساتویں ٹیم کنگز مین کو 1 ارب 75 کروڑ جبکہ آٹھویں ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز اوزی گروپ کو 1ارب 85کروڑ میں فروخت کی تاہم پی ایس ایل فرنچائز خریدنے والا اوزی گروپ دیوالیہ نکلا۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیلامی کے وقت ہی جب بولیاں بڑھتی رہیں تو اوزی کے پارٹنرز کو تشویش لاحق ہوئی۔ بڈ جیتنے پر پارٹنرز نے رقم زیادہ ہونے کا جواز دیا اور دستبردار ہوگئے۔
اوزی گروپ کی جانب سے تاخیر سے بینک گارنٹی جمع کرائے جانے پر معاہدہ ختم ہونے سے بچ گیا، تاہم فیس کی ادائیگی میں مشکلات رہیں۔ ایک نئی پارٹی کو شیئرز فروخت کرنے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کے حوالے سے کیے جانے والے دعوے کے مطابق سی ڈی وینچرز کے گوہر شاہ نے سیالکوٹ اسٹالینز کے 98فیصد شیئرز خرید لیے۔ اوزی گروپ کے دیوالیہ نکلنے پر پی سی بی کے پاس بینک گارنٹی کیش کرا کر معاہدہ منسوخ کرنے کا آپشن موجود تھا۔
تاہم پی سی بی حکام نے درمیانی راہ نکالنے کی کوشش جاری رکھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بڈنگ میں ناکام رہنے والی ایک پارٹی نے 90فیصد سے زائد شیئرز لینے پر آمادگی ظاہر کی تھی، 98فیصد شیٰئرز فروخت ہونے کے بعد اوزی گروپ کا انتظامی معاملات سے کنٹرول عملاً ختم ہوگیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








