گل پلازہ سانحہ؛ گیس جنریٹر کے الیکٹرک کے زیر انتظام نہیں! ایم کیو ایم پی کی وضاحت

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) نے کراچی کے گل پلازہ میں لگی آگ کے واقعے سے متعلق میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے بیانات کو غلط طور پر پیش کیا گیا جس سے یہ تاثر ملا کہ گل پلازہ کے تہہ خانے میں نصب گیس سے چلنے والا جنریٹر پلانٹ کے الیکٹرک (کے-الیکٹرک) سے کسی طرح منسلک یا اس کے زیر انتظام ہے۔

ایم کیو ایم پی کے ترجمان نے جاری بیان میں واضح کیا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے بالکل واضح الفاظ میں کہا تھا کہ یہ گیس جنریٹر پلانٹ کی تنصیب، آپریشن اور انتظامی امور میں کے الیکٹرک کا کوئی کردار نہیں ہے۔ اس جنریٹر کا لائسنس سندھ انرجی ڈیپارٹمنٹ سے جاری کیا گیا تھا، جبکہ اس کی ماہانہ جانچ پڑتال سندھ حکومت کے تحت کام کرنے والے الیکٹریکل انسپکٹر کی ذمہ داری ہے۔

پارٹی نے الزام عائد کیا کہ حالیہ برسوں میں یہ جانچ پڑتال ٹھیک طریقے سے نہیں کی گئی اور اسی غفلت کی وجہ سے گل پلازہ میں افسوسناک آگ لگنے کا سانحہ پیش آیا جس میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین غفلت کی مکمل تحقیقات کیلئے ایک جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

ایم کیو ایم پی نے زور دیا کہ عوام کو درست حقائق سے آگاہ کیا جائے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو اور واقعے کے بارے میں کوئی گمراہ کن تاثر قائم نہ رہے۔

پارٹی کا موقف ہے کہ اس سانحے کی تحقیقات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسی المناک صورتحال سے بچا جا سکے۔

Related Posts