کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں رمضان المبارک کے دوران موٹر سائیکل پر غیر اخلاقی حرکت کرنے والے میاں بیوی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے جوڑے کو حراست میں لے لیا۔
ایکس سمیت سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک شخص چلتی موٹر سائیکل پر خاتون سے مبینہ طور پر غیر اخلاقی حرکات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
غیر مناسب ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران غیر اخلاقی حرکات قابل گرفت ہونی چاہیے جس پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ویڈیو کی مدد سے دونوں افراد کی شناخت کر لی۔
پولیس حکام نے جوڑے کو تھانے طلب کرکے واقعے سے متعلق تفتیش کی جس پر مرد نے وضاحت دی کہ اس کی موٹر سائیکل پنکچر ہوگئی تھی اس لیے اس نے بیوی کو آگے بٹھا لیا تھا اور اس دوران کسی راہگیر نے ویڈیو بنا لی۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں میاں بیوی اپنے عمل پر شرمندہ نظر آئے۔ انہیں مناسب انداز میں سمجھایا گیا اور تنبیہ کی گئی۔ دونوں نے یقین دلایا کہ آئندہ ایسی کوئی حرکت بالکل نہیں کریں گے۔
اس کے بعد پولیس نے انہیں چھوڑ دیا اور معاملہ کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ ختم کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر ٹریفک قوانین اور اخلاقی حدود کا خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔
یہ واقعہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر زیر بحث رہا جہاں کچھ لوگوں نے اسے رومانس قرار دیا تو کچھ نے سڑکوں کی حفاظت اور عوامی اخلاقیات پر بات کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








