پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام صارفین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے پی ٹی اے ڈیجیٹل اسسٹنٹ کا اجراء کر دیا ہے جس کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن خدمات اور شکایات کے طریقہ کار سے متعلق عمومی معلومات کی فوری فراہمی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نیا متعارف کروایا گیا ڈیجیٹل اسسٹنٹ واٹس ایپ نمبر 0315-0055055 پر دستیاب ہے جہاں صارفین مینو پر مبنی آپشنز کے ذریعے درکار معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
ڈیجیٹل اسسٹنٹ سسٹم کے تحت صارف کے منتخب کردہ آپشنز پر مؤثر اور فوری ردِعمل دیا جائے گا جس سے رابطے کا عمل مزید ہموار اور آسان ہو جائے گا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، ریگولیٹری معلومات تک آسان رسائی یقینی بنانا اور سوالات کے بروقت جوابات دینا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈیجیٹل سہولت کو فروغ دینا بھی اس منصوبے کا اہم حصہ ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ سہولت واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ آن لائن بھی دستیاب ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس سے استفادہ کر سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








