ڈاکٹر مہوش کا قتل، ملزمان کی تصاویر جاری، تلخ کلامی کس بات پر ہوئی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈاکٹر مہوش
(فوٹو: آن لائن)

کوہاٹ: ہسپتال میں تلخ کلامی کے بعد ڈاکٹر مہوش کے قتل کے کیس میں مطلوب ملزمان کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 2 ملزمان تاحال مطلوب ہیں جن کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ مختلف پوسٹس میں یہ دعوے کیے جارے ہیں کہ ڈاکٹر مہوش کے قتل سے قبل تلخ کلامی مریض کے چیک اپ کے سلسلے میں نہیں بلکہ اس بات پر ہوا کہ ڈاکٹر مہوش نے ملزم کو خواتین کیلئے مختص جگہ سے الگ مردوں میں جا کر بیٹھنے کا کہا تھا۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق مقتولہ نے ملزم کو ہدایت کی کہ یہ خواتین کی جگہ ہے، آپ وہاں جا کر بیٹھیں، جس پر ملزم کو یہ محسوس ہوا کہ ڈاکٹر مہوش نے اس کی متعدد افراد کے سامنے بے عزتی کی ہے، ملزم نے نام نہاد غیرت کے نام پر خاتون ڈاکٹر پر گولیاں برسا دیں۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق کوہاٹ میں پولیس نے مختلف زاویوں سے تفتیش کرتے ہوئے لیڈی ڈاکٹر کے قتل میں ملوث ملزمان کی تصاویر جاری کردیں۔ ڈی پی او شہباز الٰہی نے ملزمان کے نام حیات گل اور سیف علی خان بتائے ہیں، جو واردات کے بعد سے روپوش ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹر مہوش کا قتل غیرت کے نام پر ہوا تو دونوں ملزمان کو غیرت کے نام پر ہی اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردینا چاہئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان اپس میں دوست ہیں۔ کوہاٹ ہسپتال میں تلخ کلامی کے بعد ڈاکٹر مہوش کو ہسپتال سے کچھ ہی فاصلے پر قتل کردیا گیا تھا۔

ملزمان
(فوٹو: آن لائن)

پولیس نے ملزمان کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے بارے میں کسی بھی طرح کی معلومات ہوں تو قریبی پولیس کو مطلع کریں۔ ملزمان کی گرفتاری کے بعد ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Related Posts