آئی ایم ایف سے طویل مذاکرات، عرب امارات سے رول اوور کا مسئلہ نہیں۔پاکستان

تازہ ترین

تازہ ترین

آئی ایم ایف
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مابین طویل مذاکرات جاری ہیں جبکہ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عرب امارات سے قرض رول اوور میں کوئی مسئلہ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق عالمی فنڈ نے متحدہ عرب امارات کے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس کی ایک سال کے لیے رول اوور میں پاکستان کی ناکامی پرتشویش کا اظہار کیا تھا اگرچہ اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف وفد کو یقین دلایا ہے کہ متعلقہ حکام طویل مدتی رول اوور کیلئے امارات سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دریں اثناء قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ رول اوور میں کوئی مسئلہ نہیں ہےلیکن میڈیا اسے کیوں مسئلہ بنا رہا ہے، یہ سمجھ میں نہیں آتا۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن بدھ کے روز کراچی اور اسلام آباد پہنچا تھا۔

ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ آئی ایم ایف کا وفد ممکنہ طور پر یو اے ای کے سفیر سے بھی ملاقات کرکے رول اوور کی نئی یقین دہانی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ آئی ایم ایف مشن اور اسٹیٹ بینک حکام تکنیکی سطح کے مذاکرات میں زر مبادلہ ذخائر اور منی لانڈرنگ کی روک تھام سمیت دیگر اہم امور پر مذاکرات کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو صرف 2 ماہ کا عارضی رول اوور دیا تھا اور اب نئی شرائط پر مذاکرات ہورہے ہیں، اس بدلتی ہوئی صورتحال کو واضح کرنا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ یو اے ای کے کل 3ارب ڈالرز تاحال اسٹیٹ بینک میں موجود ہیں۔

یو اے ای کے 1اعشاریہ 1 ارب ڈالرز کے 2 ڈپازٹس 17 اور 23 جنوری کو میچیور ہوئے۔ آئی ایم ایف کو بتایا گیا ہے کہ میچیور ہونے والے ڈپازٹس کو 1 ماہ کیلئے رول اوور کرنے کے بعد ان کی مدت اب 16اور 23فروری کو ختم ہوجائے گی، جسے عارضی طورپر 16اور 23اپریل تک بڑھایا گیا ہے۔

Related Posts