لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں مرد حضرات اور خواتین کیلئے ای ٹیکسی اسکیم کا افتتاح کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ای ٹیکسی اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ گرین بسز کا منصوبہ سپر ہٹ رہا جو پورے پاکستان کیلئے مثال بن گیا۔ ای ٹیکسی روزگار کا باعزت منصوبہ ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے ای ٹیکسی اسکیم میں خواتین کیلئے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ای ٹیکسی اسکیم خواتین کیلئے روزگار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ کسی نے خواتین کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اپنا انجام یاد رکھے گا۔ ای ٹیکسی اسکیم ماحول کیلئے بھی اچھی ثابت ہوگی۔
خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم پورے پاکستان میں اپنی طرز کی پہلی اسکیم ہے۔ دوسرے صوبوں کے عوام اپنی اپنی حکومتوں سے سوال کر رہے ہیں۔ گرین اور الیکٹرک بسوں نے پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلاب برپا کردیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ٹریک لیس ٹرین منصوبے کا بھی جلد اجرا ہوگا۔ ہم نے ای ٹیکسی اسکیم میں 4ارب روپے کی سبسڈی دی۔ خواتین ڈرائیورز کیلئے 60فیصد جبکہ مرد ڈرائیورز کیلئے 50 فیصد ڈاؤن پے منٹ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم کے پہلے مرحلے میں 1ہزار100ای وہیکلز دی جائیں گی۔ ہم نے پنجاب میں مخیر حضرات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا ہے۔ ہم نے صوبے میں اسموگ اور وبائی امراض پر قابو پالیا۔ پنجاب میں 42 لاکھ فیملیز کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر 10،10 ہزار روپے پہنچائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








