قصور میں نامناسب ویڈیوز دکھا کر بلیک میلنگ، نوجوان طالبہ نے خودکشی کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

بلیک میل
(فوٹو: آن لائن)

پنجاب کے ضلع قصور میں نوجوان طالبہ نے نامناسب ویڈیوز دکھا کر بلیک میل کرنے سے تنگ آ کر خودکشی کرلی ہے۔ واقعے کے نتیجے میں عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ 14فروری کو پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ تھانہ الٰہ اباد میں درج کیا گیا ہے جبکہ واقعہ قصور کے علاقے الٰہ آباد میں پیش آیا۔ نوجوان طالبہ کی عمر 21سے 22سال کے درمیان تھی۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفیہ سائنس کی تعلیم حاصل کررہی تھی اور انٹر میں تھی جس کے اپنے ایک ہمسائے اور ہم جماعت کے ساتھ مبینہ طور پر تعلقات تھے تاہم لڑکے نے نوجوان طالبہ کا استحصال کیا اور ویڈیوز دکھا کر مبینہ طور پر بلیک میل کرتا رہا۔

رپورٹس کے مطابق لڑکے نے بار بار لڑکی سے رقوم کے مطالبات کیے۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق لڑکی نے اپنی بالیاں بیچ کر رقم دی جس سے ملزم نے موبائل فون خریدا لیکن بلیک میلنگ ختم نہیں ہوئی۔

ایک رپورٹ کے مطابق معاملہ جب لڑکی کے اہل خانہ تک پہنچا تو انہوں نے لڑکی کے تحفظ کی بجائے لڑکے کے والد سے رشتہ لینے کی درخواست کی جس پر انکار ہوا تاہم بلیک میلنگ نہ رک سکی اور مزید رقم کے مطالبات جاری رہے۔

اسی دوران مبینہ طور پر ایک اشتعال انگیز مطالبے پر لڑکی نے اپنی جان دے دی۔ لڑکی کی بہن نے جب اپنی بہن کو مردہ حالت میں دیکھا تو سکتے میں آگئی جبکہ موبائل فون بھی آن حالت میں موجود تھا۔ اہل خانہ نے شواہد محفوظ کرلیے۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج ہوجانے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید تفتیش کیلئے ملزم کا موبائل فون اور متوفیہ کے ڈی این اے سیمپلز تجزئیے کیلئے بھجوائے گئے ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts