کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق اہم معاملے پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت درخواست دی تھی کہ بجلی ایک روپے 78 پیسے فی یونٹ بڑھائی جائے جس پر نیپرا نے غور و خوض کے بعد حتمی فیصلہ بعد میں سنانے کا اعلان کیا ہے۔
نیپرا کے حکام کا کہنا ہے کہ جو بھی حتمی فیصلہ ہوگا اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا اور ملک بھر میں یکساں پالیسی کے تحت نافذ کیا جائے گا۔
ممبر نیپرا پنجاب آمنہ احمد نے اس سلسلے میں کہا کہ عوام توقع کر رہی تھی کہ صورتحال بہتر ہو گی، مگر بدقسمتی سے بجلی کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں۔
سی پی پی اے کے عہدیداروں نے وضاحت کی کہ ہائیڈرو پاور سے بجلی کی پیداوار کم ہونے اور کھپت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ضروری ہو گیا۔ مزید برآں، پیک ڈیمانڈ کے دوران طلب پوری کرنے کے لیے فرنس آئل کے پلانٹس بھی استعمال کیے گئے، جس سے لاگت میں اضافہ ہوا۔
یہ فیصلہ ملک کے بجلی کے صارفین کے لیے اہم ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے اثرات گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں پر نظر آئیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








